اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ ،شعیب شاہین سمیت پی ٹی آئی کے 80کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج


اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے پرشعیب شاہین سمیت پی ٹی آئی کے 80کارکنوں کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا جس میں اقدام قتل اور ڈکیتی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ، 10افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، مقدمہ سی ٹی ڈی اسلام آباد بھجوایا جائے گا۔ مقدمے کے مطابق مظاہرین نے اہلکار سے آنسو گن چھینی اور دھکم پیل کی، مظاہرین نے سب انسپکٹر کی وردی پھاڑ دی اور پولیس اہلکاروں پر گاڑیاں چڑھانے کی کوشش کی گئی۔مقدمے کے مطابق مظاہرین نے راستہ بلاک کرکے ٹریفک بند کر دی تھی ، اس کے علاوہ شرکا نے دفعہ 144کی بھی خلاف ورزی کی۔