گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین واپڈا کی ملاقا ت


 اسلام آباد ،ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی نے ملاقات کی ہے ،ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا نے چشمہ لفٹ کینال کے لئے 19 ارب روپے مختص کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ایم پی اے احمد کنڈی بھی موجود تھے۔چیئرمین واپڈا نے گورنر خیبر پختونخوا کو یقین دلایا کہ چشمہ لفٹ کینال پر جلد ہی کام شروع کردیا جائے گا یہ منصوبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا ۔ ہمارے صوبہ کے حق کا پانی اس نہری منصوبہ کے نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہورہا تھا ، اس منصوبے سے ڈیرہ اسماعیل خان کا وسیع قابل کاشت رقبہ آباد ہوگا جس سے اس خطے میں زرعی انقلاب آئے گا اور صرف خیبر پختونخوا ہی اجناس میں خود کفیل نہیں ہوگا بلکہ ہم ملک کی اجناس کی بڑی ضرورت اس منصوبے کی تکمیل سے پورا کرینگے، ملاقات میں ٹانک ذام اور درابن ذام منصوبوں پر بھی بات کی گئی چیئرمین واپڈا نے ان منصوبوں کے حوالہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔