وزیراعظم سے رضا باقر کی عالمی شہرت یافتہ کنسلٹنسی فرم کے وفد کے ہمراہ ملاقا ت


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے عالمی شہرت یافتہ کنسلٹنسی فرم کے وفد کے ہمراہ ملاقا ت کی، وفد کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک کے دوست ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو بین الاقوامی شہرت یافتہ فرمز کی مشاورت سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، حکومت کے حجم میں کمی اور نظام حکومت کو موثر بنانے کے لئے بھی عالمی شہرت یافتہ فرمز سے مشاورت کی جائے، پاکستان کے تمام شعبوں بالخصوص معدنیات اور توانائی میں سرمایہ کاری کی لامحدود استعداد موجود ہے، ملکی معیشت کی ترقی میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان معیشت کی بحالی کے لئے نجی شعبے کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی،ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور  احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب خان، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔