جماعت اسلامی 29اکتوبرکواسلام آباد میں الاقصیٰ غزہ فلسطین مارچ کرے گی،امیرالعظیم


راولپنڈی ( صباح نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ 29اکتوبرکواسلام آباد میں عظیم الشان الاقصیٰ غزہ فلسطین مارچ ہوگا جس کی قیادت امیرجماعت سراج الحق سمیت سیاسی وقومی قائدین کریں گے ۔اسرائیل اور امریکہ نے غزہ میں ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام ،ہسپتالوں ،مساجد،گرجاگھر وں ،سکولوں سمیت آبادیوں پر بارود اورکیمیکل کی بارش کی جارہی ہے ان ظالموں کاہاتھ روکنے کیلئے امت مسلمہ کو آگے بڑھنا ہوگا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے الاقصیٰ فلسطین مارچ کے سلسلے میں منعقدہ پلاننگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مرکز ی نائب امیرمیاںمحمداسلم ،امرائے صوبہ پروفیسرمحمدابراہیم خان وڈاکٹرطارق سلیم ،صوبائی سیکرٹریزجنرل عبدالواسع ،اقبال خان ،امرائے اضلاع نصراللہ رندھاوا،سیدعارف شیرازی ،صدرجے آئی یوتھ پاکستان رسل خان بابر،رضااحمدشاہ ،زبیرصفدر، انعام الحق اعوان ،ملک عمران خان ،شیخ مسعوداحمد ودیگرذمہ داران شریک ہوئے ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے امیرصوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم کو ایونٹ کی انتظامی کمیٹی کا سربراہ مقررکیا ، عبدالواسع ،اقبال خان ،نصراللہ رندھاوا،سیدعارف شیرازی ،زبیرصفدراوررسل خان بابرکمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔امیرالعظیم نے کہاکہ مسلم حکمرانوں میں معمولی غیرت بھی باقی نہیں کہ وہ امریکہ کی بغل بچہ ناجائزریاست اسرائیل کو لگا م دے سکیں عالمی دہشتگردامریکہ کوروکنے کے لیے پاکستانی عوام کواپنا کرداراداکرنا ہوگا ،29اکتوبر کو مردوخواتین ،بزرگ اور بچے اسرائیلی کی غزہ پر جارحیت کے خلاف اسلام آباد میں حکمرانوں اور دنیابھرکے سفیروں کو جگانے کے لئے اپنا کرداراداکریں گے ۔