نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا دورہ،تعمیراتی کاموں کا معائنہ


لاہور(صباح نیوز)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی ٰمحسن نقوی نے سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ سے والٹن روڈ تک تعمیر ہونے والی سڑک کا معائنہ کیا، پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور والٹن ریلوے ٹریک پر اوورہیڈ برج پراجیکٹ کا تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی، محسن نقوی نے پل کی سائٹ تک جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ بھی کیا۔محسن نقوی نے والٹن اوورہیڈ برج پراجیکٹ کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت بارے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریف کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ کے انفراسٹرکچر کا کام رواں ماہ میں مکمل ہو جائے گا، منصوبے کے انفراسٹرکچر میں روڈ ورک، سیوریج، پانی، بجلی اور مواصلات کا نظام شامل ہے، پراجیکٹ میں گرین ایریا کے لئے یکساں جگہ دی گئی ۔دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ تا والٹن روڈکی کل لمبائی 4.2کلومیٹر ہے اور اس میں بلیو روڈ ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ تا والٹن روڈ سگنل فری کوریڈور ہوگا جس میں تین لینز اور ایک فلائی اوور شامل ہے، پراجیکٹ سب بیس مکمل ہوگئی ہے جبکہ والٹن فلائی اوور کا پائل لوڈ بھی ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ لاہور کی ترقی کو نئی سمت دے گا، سینٹر پوائنٹ کو والٹن روڈ سے منسلک کرنے سے فاصلہ تین منٹ میں طے ہوگا، سی بی ڈی کا پورا پراجیکٹ مکمل ہونے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری ہائوسنگ، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او، این ایل سی کے حکام، ڈپٹی کمشنر، چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی، چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی بریگیڈیئر (ر) منصور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا نے پولیو کے مرض کو مات دے دی ہے لیکن پاکستان اور افغانستان میں ابھی تک پولیو موجود ہے، پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کی ذمہ داری ہر پاکستانی کے کندھے پر ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ والدین سے اپیل ہے کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور موذی مرض سے بچائیں، پولیو کے خلاف جنگ میں شامل ورکرز اور آرگنائزیشنز کی کاوشوں کو سلام کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی ہم آئندہ نسلوں کے لیے اس کرہ ارض سے پولیو کا خاتمہ کر سکتے ہیں، آج کے دن اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کرتے ہیں۔