اپنے نام ایک خط ….تحریر محمد اظہر حفیظ


آج اداس بیٹھا تھا سوچ رہا تھا کہ جب طالب علمی کا زمانہ تھا تو اپنی والدہ محترمہ کو خط لکھتا تھا۔ والد کو خط لکھنے کی کبھی نہ جرآت ہوئی اور نہ ہی کبھی حوصلہ۔
والدہ کی وفات کے بعد رب کے نام خط لکھتا رہا کہ میری ماں ان کے پاس ہے ۔ خط ان تک پہنچ جائے گا۔
پھر یہ ڈاک سروس تو جاری تھی اور مجھے ایڈریس بھول گیا۔ ساتھ ہی خط و خطابت کا سلسلہ رک گیا
آج سوچا یار کدی اپنے آپ نال وی وقت گزار لیا کر ۔ اپنا حال چال وہ پوچھ لیا کر تے فر اپنے آپ نوں خط لکھن دا سوچیا۔

اسلام علیکم
یار محمد اظہر حفیظ امید ہے تم خیریت سے ہوگے ، کیوں ہر وقت اداس رہتے ہو۔ اللہ نے نئی زندگی دی ہے جگر بھی نیا لگ گیا ہے۔ اب خوش ہونے کی بجائے روتے کیوں رہتے ہو۔ کیا دکھ ہے جو مسکراتے نہیں ہو۔ آگے بھڑنے کی کوشش نہیں کرتے ہو۔ ایسا کیا ہوا ہے مست ملنگ ہوگئے ہو۔ دوائی وقت پر کھاتے ہو سب کا خیال رکھتے ہو پر اپنی صحت کا خیال نہیں رکھتے ہو۔ پیٹ میں جو درد ہوتی ہے لیٹنا اس کا علاج تو نہیں ڈرتے کیوں اور ایک اور آپریشن کیوں نہیں کروالیتے۔ اتنا کیوں چلتے ہو کہ تھک کر نیند بھی نہیں آتی۔ کتنے دن ہوگئے کوئی نئی تصویر بھی نہیں بنائی، تحریر بھی نہیں لکھی۔ سب کا پوچھتے ہو سب کا حال بتاتے ہو میرے یار کبھی اپنے بارے میں بھی تو بتاو۔ خاموش کیوں رہتے ہو۔ موضوع سے ہٹنے کیلئے موضوع کیوں بدلتے ہو۔ بے جا لطیفے کیوں سناتے ہو، تمیز بھول کر بیوقوفانہ لطیفے اور باتیں کیوں سناتے ہو۔ہر وقت معافی کیوں مانگتے رہتے ہو۔ کیا جرم سرزرد ہوا ہے۔ جس کی معافی مانگتے ہو۔ سب کی بات برداشت کرتے ہو جواب کیوں نہیں دیتے ہو۔ تم ایسے کب اور کیوں ہوگئے ہو۔ ماں باپ تو سب کے جدا ہوجاتے ہیں ان کیلئے دعا کیا کرو۔ کیا کوئی اور بھی بچھڑ گیا ہے جو رونا آگیا ہے۔ چھپ کر کیوں بیٹھے ہو ، کسی بھی خوشی غمی میں جانے سے احتیاط کیوں کرتے ہو مسئلہ کیا ہے ۔ کسی کو بتا کیوں نہیں دیتے ایسے کیسے گزرے گی زندگی۔ جینا چھوڑ دیا تم نے۔ ایسا کیوں کررہے ہو ۔ کہاں گیا وہ جو تم تھے ۔ تمھیں کوئی نہیں جانتا پر یار تم تو جانتے ہو۔ اپنا خیال رکھو ۔ تمھاری بیوی اور بچے کیسے ہیں بھائی بہن اور انکی فیملیاں کیسی ہیں انکی خیریت سے بھی مطلع کریں ۔ میاں طاہر ، گوگی باجی،ناصر شفیق، ضیاء کوثر، وسیم احمد، آفتاب افضل، احمر رحمن، معظم، زمن ارمغان حاضر یہ سب کیسے ہیں اور کہاں ہیں۔ ان سب سے رابطہ ہے یا ان سے بھی غائب ہو۔ گوشہ نشینی آخر کیوں اور کب تک۔
امید واثق ہے کہ جلد تم ان سب سوالات کے جوابات کے ساتھ خط کا جواب لکھو گے۔ تاکہ تمھیں بھی پتہ چل سکے ہوا کیا ہے کون ہے جو تم سے کھو گیا ہے ۔ واپسی لفافہ خط میں موجود ہے جلد جواب سے آگاہ کریں
والسلام
محمد اظہر حفیظ بقلم خود