اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیراہتمام فلسطینی عوام کیلئے”جھولی پھیلاؤ”مہم کا آغاز

لاہور(صباح نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کی مدد کیلئے”جھولی پھیلاؤ مہم” کے عنوان سے ریلیف کمپین کا آغاز کیا گیا۔ سیکرٹری اطلاعات ابراہیم شاہد کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے تحت بے گھر اور بنیادی سہولیات سے محروم فلسطینی بھائیوں کی امداد کے لیے جھولی پھیلاؤ مہم کے ذریعے امدادی کمپین کا باقاعدہ آغاز ناظم صوبہ حسن بلال ہاشمی نے کیا۔

اس دوران عوام کو فلسطین کی صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے ہینڈ بل تقسیم کیے گئے اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی مدد کے لیے فنڈ ریزنگ کی گئی۔ ناظم صوبہ پنجاب حسن بلال نے فنڈ ریزنگ کیمپس میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے بعد ہزاروں مسلمان کے گھرتباہ ہوچکے ہیں، اور ہزاروں کی تعداد میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین زخمی علاج معالجہ اور خوراک کی سہولیات سے محروم مدد کے منتظر ہیں۔ اسرائیل عالم اسلام کا مشترکہ دشمن ہے۔فلسطینیوں نے جرات،بہادری،استقامت اور لازوال قربانیوں کے ساتھ اسرائیلی ظلم وجبر کا مقابلہ کیاہے۔

ناظم جامعہ پنجاب عثمان کھٹانہ نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے بعد تباہ حال غزہ کے مسلمان بہن، بھائیوں کی مدد اور فلاح و بہبود کے لیے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات،اساتذہ اور ملازمین دل کھول کر مدد کریں۔اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان،ذمے داران اور رضاکار ہر کلاس،ڈیپارٹمنٹ اور ہاسٹلز میں جھولی پھیلا مہم کے تحت فنڈ اکھٹا کریں گے۔