معروف قانون دان ایس ایم ظفر انتقال کر گئے

لاہور(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر و معروف قانون دان ایس ایم ظفر انتقال کر گئے۔مرحوم ایس ایم ظفر عرصہ دراز سے شدید علیل تھے،ایس ایم ظفر کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، مرحوم کی عمر 93 برس تھی،مرحوم معروف قانون دان سینیٹرعلی ظفر کے والد تھے، 6 دسمبر 1930کو رنگون برما میں پیدا ہونے والے سینیئر ایڈووکیٹ اور سابق وزیر قانون ایس ایم ظفر کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔

اس کے علاوہ وہ قومی اور بین الاقوامی امور پر ملکی اور غیر ملکی جرائد میں مضامین بھی لکھتے رہے۔ایس ایم ظفر 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کے وزیر قانون تھے۔ 19ستمبر 1965 کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں انہوں نے جنگ بندی کی قرارداد کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرایا۔ ایس ایم ظفر نے اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن سے بھی خطاب کیا۔

ایس ایم ظفر 35 برس کی عمر میں ایوب کابینہ میں قانون و پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر بنے،مرحوم 1975 میں صدر لاہور ہائیکورٹ بار منتخب ہوئے اور 1979 میں سپریم کورٹ بار کے صدر بنے۔ کئی اہم ملکی اور بین الاقوامی مقدموں میں کامیابی حاصل کی، وہ  2003 سے 2012 تک سینیٹ کے ممبر  بھی رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2004 سے 2012 تک ہمدرد یونیورسٹی کے چانسلر کی ذمہ داریاں بھی ادا کیں۔ایس ایم ظفر کو 2011 میں صدارتی ایوارڈ نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔۔