غزہ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی چیخیں مسلم امہ کو جھنجوڑ رہی ہیں، جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی و امریکی قتل عام اور ظلم و بربریت پر آو آئی سی کی محض مذمت کافی نہیں ، مسلم ممالک اور حکمران فیصلہ کر لیں کہ آخرت میں حساب اللہ کو دینا ہے یا امریکہ کو ۔؟ غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور عالمی برادری تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔اسرائیل ایک نا جائز ریاست ہے جس نے دنیا کا امن تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور او آئی سی کے مذمتی اعلامیے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ ہسپتال کے بعد پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی بمباری سے 433فلسطینی شہید ہو گے ہیں ۔ انسانی حقوق کے علمبر دار ممالک ، این جی اوز اور اقوام متحدہ سب گونگے بہرے اور اندھے ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے غزہ میں محصور فلسطینیوں کی مدد کے لئے فنڈ قائم کر دیا ہے ، اہل پاکستان دل کھول کر اپنے دکھی بھائیوں کی ا مدا د کریں۔

انہوں نے مسلم دنیا کے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پانی سر سے گزر چکا ہے ۔مسلمانوں کے خلاف کفار اکٹھے ہو چکے ہیں۔ غزہ میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی چیخیں مسلم امہ کو جھنجوڑ رہی ہیں۔ کفار ہر طرف سے ہم پر حملہ آور ہیں ۔ غیرت ایمانی کا تقاضا ہے کہ ان ظالموں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے، اس کے لئے ضروری ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے ۔جو ممالک اسرائیل اور امریکہ سے خوفزدہ ہیں ان کو آزادی کا نعرہ لگانے کا کوئی حق نہیں۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ سی این این یکطرفہ رپورٹنگ کر کے صحافتی بد دیانتی کا ثبوت دے رہا ہے ۔نہتے فلسطینیوں پر 1948سے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔روس ، یوکرائن جنگ میں بچوں کے قتل عام پر واویلا کرنے والوں کو غزہ نظر نہیں آتا