خیبرپختونخوا میں غیرجماعتی بنیادوں پربلدیاتی انتخابات غیرآئینی قرار


پشاور (صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں غیرجماعتی بنیادوں پربلدیاتی الیکشن غیرآئینی قرار دے دیا ۔

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ الیکشن کے خلاف دائر درخواستوں پر مختصر فیصلہ سنا دیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے نیبرہوڈ اور ویلیج کونسل الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کو غیر آئینی قرار دے دیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نیبرہوڈ اور ویلیج کونسل انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا حکم دے دیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا بھی حکم دے دیا۔

لوکل گورنمنٹ الیکشن کے خلاف جے یو آئی(ف)کے اکرم خان درانی، جماعت اسلامی کے عنایت اللہ خان اور مشتاق احمد خان، و دیگر خوشدل خان، حمایت اللہ مایار نے درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے درخواستوں کو جزوی طور پر منظور کرلیا۔