ہم تعلیمی منظر نامے کی ترقی کے لیے سرگرمی سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی

مظفرآباد(صباح نیوز) یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیرنے اپنے الحاق شدہ کالجوں کے پرنسپلوں کی قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ ترقی میں اضافے کے لیے ٹرانسفارمیشنل لیڈرشپ پروگرام کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلہ کی پہلی ورکشاپ گزشتہ روز جامعہ کے سٹی کیمپس میں منعقد ہوئی۔”ٹرانسفارمیشنل لیڈرشپ ورکشاپ” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لیے موثر قیادت کو تیار کرنے میں تعلیمی نظام کے اہم کردار پر زور دیا۔

انہوں نے تعلیمی شعبے میں قائدانہ خوبیوں کو پروان چڑھانے کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات تعلیم کے بلند معیار کو فروغ دینے کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ ڈاکٹر کلیم عباسی نے کہا کہ’تعلیم ترقی کی بنیاد ہے، اورہم اپنے منتظمین کو قائدانہ صلاحیتیں فراہم کر کے تعلیمی منظر نامے کی ترقی کے لیے سرگرمی سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔انہوں نے ملحقہ کالجوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ شراکت دار اداروں کے لیے اپنی جامع صلاحیت سازی کے اقدامات کو برقرار رکھنے کے لیے جامعہ کشمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام یہ اہم ورکشاپ ایک قابل تعریف کاوش ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل نے اپنے ابتدائی کلمات میں ورکشاپ کے مقاصد کا ایک جامع جائزہ پیش کیا اور معزز مہمانوں اور شرکا کا پرتپاک استقبال کیا۔ ورکشاپ میں کثیر جہتی سیشنز شامل تھے، جن میں سے ہر ایک کو انتہائی احتیاط سے قائدانہ صلاحیتوں کی فراہمی کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل نے ڈائنامک سیشنز میں لیڈرشپ کے پہلوں کا احاطہ کیا جبکہ ڈاکٹر بلال عباسی، ڈائریکٹر فنانس نے اسٹیک ہولڈر فوکس اور مسلسل بہتری پر ایک سیشن کی قیادت کی۔نامورٹرینراسرار ایوب نے پیشہ ورانہ ترقی اور فیصلہ سازی پر ایک سیشن کی سربراہی کی۔ ٹرینرز نے ورکشاپ کے شرکا کی فعال شرکت اور گہری دلچسپی کو سراہا۔

انہوں نے پیشہ ور افراد کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور مسائل کے حل میں ورکشاپ کے منفرد انداز پر روشنی ڈالی جو اپنے اداروں میں تعلیم کے معیار کو بڑھانے کی کلید رکھتے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران عملی مشقوں، سرگرمیوں، اور گروپ ورک نے شرکا کے تعمیری تاثرات حاصل کرتے ہوئے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے قابل بنایا۔ ڈین آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید نے اپنے اختتامی کلمات میں ورکشاپ کے تعلیمی شعبے پر دوررس اثرات پر زور دیتے ہوئے شرکا کی دلچسپی کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔