پی ٹی آئی دور میں اہم تعیناتی پانیوالے پنجاب کے 3بیوروکریٹس ایف آئی اے میں پیش نہ ہوئے


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے دور میں فرح گوگی کے ذریعے اہم عہدوں پر تعینا ت پنجاب کے تین بیوروکریٹس انکوائری کے لیے ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے۔

سابق دور میں مبینہ طورپر فرح گوگی کے ذریعے اہم تعیناتیاں حاصل کرنے والے سابق وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب احمد عزیز تارڑ اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم انکوائری کیلئے ایف آئی اے میں پیش نہ ہوئے۔ سابق ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید پیش ہوئیں اوربیان بھی ریکارڈ کرایا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھاکہ ان کی تعیناتی میرٹ پر ہوئی تھی، کسی کی سفارش پر نہیں، وہ کچھ عرصہ او ایس ڈی (آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی)بھی رہیں۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے فرح گوگی کے خلاف ناجائز اثاثوں کی انکوائری کے شواہد سامنے آنے پر ان بیوروکریٹس کو طلب کیا تھا۔