خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔مریم نواز

لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں خواتین یوتھ کوآرڈی نیٹرز کا تقرر کر دیا۔ ن لیگی رہنما نے نومنتخب کوآرڈی نیٹرز میں نوٹیفکیشن بھی تقسیم کردیے۔ماڈل ٹان لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں منظم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر حقیقی قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اس حقیقت سے با خوبی آگاہ ہے، ضلعی سطح پر خواتین کوارڈینیٹرز کی تقرری پارٹی کی جمہوری ویژن کا عکس ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی حقیقی جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔اس موقع پر مریم نواز نے پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں مقرر ہونے والی یوتھ خواتین کوآرڈی نیٹرز میں نوٹیفکیشن بھی تقسیم کیے ۔علاوہ ازیں  خیبرپختونخوا میں یوتھ ڈویژنل کمیٹیاں مقرر کرنے کیلیے آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ نوجوانوں کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کے دورانمریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں  نوجوانوں کا ووٹ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ اور اس کی سمت کا تعین کرے گا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کے سات ڈویژنز میں آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی تجویز دی گئی۔ کمیٹیوں کے ناموں پر مشاورت کے  بعد ان کے قیام کو حتمی شکل دی گئی جس کا جلد ہی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

مریم نوازشریف نے آرگنائزنگ کمیٹی کو جلد از جلد دیہات کی سطح پر کوآرڈینیٹرز مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس  موقع پر رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ  اور ملکی آبادی کا غالب حصہ ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نوجوانوں کو مستقبل کی قیادت بنانا چاہتے ہیں اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں آگے لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی وژن کی روشنی میں تنظیم سازی کا ملک گیر عمل شروع کیا گیا جس میں نوجوانوں اور خواتین کو آگے لایاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، ان کا ووٹ  پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ اور اس کی سمت کا تعین کرے گا،  نوجوان لیپ ٹاپ دینے والوں کا ساتھ دیں گیاور بندوق ، پٹرول بم اور تشدد پر اکسانے والی منفی قوتوں کو مسترد کریں گے۔مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو 9 مئی جیسے یوم سیاہ کے منصوبہ سازوں کی سازشوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواکو مسلم لیگ (ن) کا قلعہ بنائیں گے اور اس صوبے  کی دس سالہ محرومیوں کا خاتمہ کریں گے