پنجاب کے عوام بزدار سرکار سے بیزار ہوچکے، بلاول بھٹو زرداری


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی حکومت کی پنجاب میں صفر کارکردگی ہے۔ پنجاب کے عوام بزدار سرکار سے بیزار ہوچکے ہیں۔ پنجاب کا چپہ چپہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی سزا بھگت رہا ہے۔ پنجاب کے جیالے اٹھ کھڑے ہوں، ہم عمران خان کے اقتدار کا خاتمہ کریں گے۔ پنجاب کے عوام کے ساتھ یہ ناانصافی ہوگی کہ وہ بزدار حکومت کی نااہلی کی سزا بھگتیں۔

ان خیالات کااظہار بلاول بھٹو زرداری  نے پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور جنرل سیکریٹری حسن مرتضی سے زرداری ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر  پی پی پی وسطی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ  بھی موجود تھے۔

بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی وسطی پنجاب کے صوبائی عہدیداران کے درمیان سیاسی و تنظیمی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی وسطی پنجاب کے صوبائی عہدیداران کے درمیان آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جبکہ بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر نجم الدین خان اور جنرل سیکریٹری شازی خان  نے بھی منگل کے روز زرداری ہائوس میں ملاقات کی۔

پی پی پی کے پی کے سیکریٹری اطلاعات امجد آفریدی  بھی ملاقات میں موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی خیبرپختونخوا کے صوبائی عہدیداران کے درمیان سیاسی و تنظیمی صورت حال پر بات چیت کی۔  بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی خیبرپختونخوا کے صوبائی عہدیداران کے درمیان کنٹونمنٹ بورڈز پشاور اور ایبٹ آباد کے انتخابات میں جیت کی بعد کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال گیا۔اس موقع پر بلاول بھٹو  نے صوبائی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں ہر سطح پر پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کو بے نقاب کریں .

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن اور بدانتظامی عروج پر ہے۔صحت کے انصاف کے نام پر عمران خان نے خیبرپختونخوا میں صحت کا نظام تباہ کردیا۔ عمران خان جس منصوبے میں ہاتھ ڈالتے ہیں، وہ تباہ ہوجاتا ہے۔ خیبرپختونخوا کے آٹھ سالہ دورِ اقتدار میں عمران خان کوئی ایک ایسا ڈھنگ کا کام نہ کرسکے جسے اپنا کارنامہ قرار دے سکیں۔ جبکہ بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد  یاسین  نے بھی منگل کے روز ملاقات کی جس میں وادی کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔

جبکہ بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی گلگت بلتستان کے نائب صدر بشیر احمد نے پارٹی وفد کے ہمراہ زرداری ہاس میں ملاقات کی جس میں علاقے کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔جبکہ بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان  نے بھی منگل کے روز ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایمل ولی خان سے ان کے والد اسفند یار ولی خان کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی۔

بلاول بھٹو زرداری اور ایمل ولی خان کے درمیان خیبرپختونخوا کی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔بلاول بھٹو زرداری اور ایمل ولی خان کے درمیان خیبرپختونخوا کے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں جیت کی بعد کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری سے ایمل ولی خان کی ملاقات کے دوران سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر، فیصل کریم کنڈی ودیگر رہنما  بھی موجود تھے۔