صدر عارف علوی کو کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(کسٹ)، اسلام آباد پر بریفنگ


اسلا م آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں  میں معیار ِ تعلیم بہتر بنانے ،  داخلہ لینے والے طلبا کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، کپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی( کسٹ) اپنے وژن کو جدید تقاضوں کے مطابق بدلے ، مقاصد کے حصول کیلئے وقت مقرر کرے ،

وہ یونیورسٹی سے متعلق ایک بریفنگ میں اظہار خیال کررہے تھے،صدر عارف علوی کو کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(کسٹ)، اسلام آباد پر بریفنگ دی گئی ،وائس چانسلر کسٹ یونیورسٹی ، اسلام آباد ، ڈاکٹر محمد منصور احمد نے  صدر مملکت کو بریفنگ دی گئی ،

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹ یونیورسٹی نے ایچ ای سی کی انسداد منشیات اور خصوصی افراد کیلئے پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا ، کسٹ یونیورسٹی سے اب تک 10 ہزار سے زائد طلبا فارغ التحصیل ہو چکے ہیں ،مختلف پروگراموں میں اس وقت 5 ہزار سے زائد طلبا زیر تعلیم ہیں ،کسٹ یونیورسٹی نے سال  2020-21 میں 14 کروڑ روپے سے زائد کے اسکالر شپ دیے ،  اس موقع پر صدر مملکت نے تعلیمی شعبے میں یونیورسٹی کے کردار ، خصوصی افراد کیلئے نئی پالیسی اپنانے پر یونیورسٹی  کو سراہا،

انہوں نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیاں  ایچ ای سی کی انسدادِ منشیات اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود  کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں ، صدر مملکت نے کہاکہ ایچ ای سی کا خصوصی افراد کو ٹیوشن فیس اور ہاسٹل فیس کی مد میں چھوٹ دینا خوش آئند ہے، جامعات طلبا  کی اخلاقی تربیت  کے حوالے سے تدریسی حصے میں اضافہ کریں ، انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سائبر سیکورٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دے،

عارف علوی نے کہا کہ کسٹ یونیورسٹی فاصلاتی تعلیم کی مقدار بڑھانے کیلئے اقدامات کرے، انہوں نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے قیمتی تعلیمی وقت کا ضیاع کم کرنے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر جامعات کے مابین روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کہاکہ جامعات انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق طلبا کو ہنر سکھائیں ۔