پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہزا بلوچ نے کہا ہے کہ یوں تو ہر کسی نے اپنے ضمیر کو خود جواب دینا ہے، حقیقت یہ ہے کہ کشمیر میں ظلم کی جوداستان گزشتہ 70سال سے جاری ہے اس کے حوالہ سے پاکستان کا مئوقف بڑا واضح ہے ، پاکستانی عوام گزشتہ70کے دوران کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اورآگے بھی کھڑے رہیں گے۔ پانچ اگست 2019کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے جو اقدامات کئے اور اس کے بعد جغرافیائی تبدیلیاں لا کر کشمیریوں کی اکثریت کا اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک سازش جاری ہے،اس پر پاکستان نے اپنا مئوقف بڑا واضح طور پر دنیا کے سامنے، اقوام متحدہ اوراوآئی سی میں پیش کیا ہے۔

ان خیالات کااظہار ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرابلوچ نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا بیان آیا ، پھر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کی طرف سے دورپورٹیں آئیں جس میں انہوں سفارش کی کہ ایک کمیشن آف انکوائری بنایا جائے تاکہ درست طور پر پتا چلے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا حالات ہیں، ہمارا عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ اس معاملہ پر ہمیں آگے بڑھنا چاہیئے اورکمیشن آف انکوائری ہو، اس کے بعد کشمیریوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں اوروہ حقوق اقوام متحدہ کی قراردادوں میں واضح طور پر درج ہیں۔