پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 10روپے فی لٹر تک اضافے کی تجویز،فیصلہ کل ہوگا


اسلام آباد(صباح نیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ساڑھے 10روپے فی لٹر تک اضافے کی تجویز دی ہے،حتمی فیصلہ کل ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو موصول ہوگئی ہے جس میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 10روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موجودہ لیوی اور جی ایس ٹی کے مطابق تیار کی گئی جس میں پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے فی لٹر اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی اور جنرل سیلز ٹیکس میں ردو بدل سے قیمتوں میں ردو بدل ہو سکتا ہے تاہم قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کل(بدھ کو)کرے گی اور نئی قیمتوں پر عملدرآمد16 ستمبر سے ہوگا۔