عالمی برادری ایک جامع حکومت کی تشکیل کے لئے افغان کوششوں کی حمایت جاری رکھے،پاکستان


نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے عالمی برادری، خاص طورپر افغانستان کے ہمسایہ ممالک پرزوردیاہے کہ وہ اس ملک کے نئے زمینی حقائق کوتسلیم کریں اور ایک جامع حکومت کی تشکیل کے لئے افغان کوششوں کی حمایت جاری رکھیں۔

امریکی رسالے نیوزویک میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں انہوں نے کہاکہ اپناسیاسی نظام تشکیل دینے کے لئے افغانوں کی حوصلہ افزائی لازمی ہے۔منیراکرم نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ افغان عوام پرکوئی بیرونی حل مسلط نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن اوراستحکام کا انحصار تین عناصرپرمبنی لائحہ عمل پر ہے جن میں افغان عوام کو فوری انسانی امداد کی فراہمی، افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل اور افغانستان کی طرف سے اس کے ہمسایہ ممالک دیگرممالک کو دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے کے لئے ایک جامع منصوبے کی تیاری شامل ہیں۔