سید عبداللہ گیلانی کا سید علی گیلانی کی وفات پر تعزیت کرنے والوں کا شکریہ


 اسلام آباد(صباح نیوز) قائد تحریک آزادی کشمیر شہید سید علی گیلانی کے پاکستان میں مقیم نمائندے سید عبداللہ گیلانی نے ان تمام  افراد کا شکریہ ادا کیا ہے  جنہوں نے سید علی گیلانی (مرحوم ) کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ایک بیان میں سید عبداللہ گیلانی نے کہا ہے کہ   سید علی گیلانی  کی  رحلت کے بعد سے دنیا کے مختلف گوشوں سے تعزیتی پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ برابر جاری ہے ۔ ان پیغامات میں جس طرح لوگوں نے قائد مرحوم کے ساتھ اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا ہے اس سے واضح ہوتا ہے کہ اپنے خلوص ، استقامت اور عزیمت کی بدولت قائد مرحوم نے لا تعداد دلوں میں اپنی عظمت کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ۔ہم ان تمام افراد اور اداروں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے بلا واسطہ یا بالواسطہ طور پر تعزیت کا اظہار کیا اور ہماری ڈھارس بندھائی ۔ اللہ تعالٰی سب کو جزائے خیر عطاء فرمائے ۔ آمین۔