سرائے نورنگ ، کار پر فائرنگ ،2افراد جاں بحق،4زخمی


سرائے نورنگ(صباح نیوز) نورنگ کے علاقے قاضی ڈھیری میں چلتی کار پر فائرنگ کے نتیجے 2 افراد جاں بحق اور2 راہگیر سمیت 4افراد زخمی ہوگئے ۔

اس سلسلے میں نورنگ پولیس نے میڈیا کے نمائندوں کو رابطہ کرنے پر بتایاکہ عابد نواز ولد احمد نواز سکنہ کوٹکہ شادی خان مرمنڈی ملتان نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ گذشتہ روز وہ بھائی حامد نواز ،رشتہ دار سدید اللہ کے ہمراہ ٹیکسی موٹر کار میں عدالت میں پیشی کے لئے جارہے تھے موٹر کار کی ڈرائیونگ فرمان علی عرف ملنگ کررہاتھا۔

جب قاضی ڈھیری کلہ پہنچے تو وہاں روڈ کنارے عدنان عرف ملک ولد ذکء اللہ۔عامر سہیل ولد صفی اللہ سکنہ کوٹکہ امام دن اور حبیب اللہ ولد حمیداللہ سکنہ غزنی خیل مسلح پہلے سے موجود تھے ۔

جونہی موٹر کار ملزمان کے قریب پہنچی تو مبینہ ملزمان نے فورا موٹر کار پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں بھائی حامد نواز اور رشتہ دار سدید اللہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ موٹر کار ڈرائیور فرمان ملنگ زخمی ہوا اور وہ خوش قسمتی سے بچ نکلا جب فائرنگ رک گئی تو معلوم ہوا کہ ملزمان کی فائرنگ سے دو راہگیر اسم و سکونت نامعلوم  اور ایک  ملزم حبیب اللہ زخمی ہوئے ۔

پولیس کے مطابق مدعی نے مزیدبتایاکہ مبینہ ملزمان کے ساتھ سابقہ قتل مقاتلے کی دشمنی ہے ۔پولیس نے مزید بتایاکہ مبینہ ملزمان کی فائرنگ سے موٹر کار نقصان پہنچا.پولیس کے مطابق ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔