عالمی برادری کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کے لئے اپنا کردار اداکرے،محمود احمد ساغر


اسلام آباد—کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے۔

محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری اور دیگر جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی جدوجہد سے ہرگز باز نہیں رکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی کئی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کررکھا ہے لیکن ان قراردادوں پر عملدرآمد میں سب سے بڑی اور بنیادی رکاوٹ بھارتی ہٹ دھرمی ہے ، بھارت ان قرار دادوں پر عملدرآمد کے بجائے کشمیریوں کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی مذموم پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔

محمود احمد ساغر نے مزید کہا کہ بھارت، پاکستان اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات سے تنازعہ کشمیر کے حل کی راہ آسان ہو گی۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

  انہوں نے عالمی برادری سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کے لئے کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔۔