ملک کی سالمیت اور وقارکے دفاع کے لئے مکمل تیار ہیں،سربراہ پاک فضائیہ


 اسلام آباد(صباح نیوز)سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے باخبرہے اورپاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیارہے۔

یوم فضائیہ کے موقع پر ایئرہیڈ کوارٹرزاسلام آباد میں مرکزی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ بے مثال بہادری کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہا اور عظیم مقصد کے لئے دوسروں سے آگے بڑھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ایئرچیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے باخبرہے اورپاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیارہے۔ اس خاص دن کے موقع پر انہوں نے ان تمام کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر لڑتے ہو ئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھیں گے۔ شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران، ائیر مین اور سویلینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں اس تاریخی دن کی مناسبت سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید(نشانِ حیدر)کی قبر پر ایئر وائس مارشل زعیم افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہدا ء کی قبروں پر بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی گئیں۔