ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔ راجہ پرویز اشرف


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے ریلیف کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہماری پارٹی نے ہمیشہ جدو جہد کی ہے اور مستقبل میں بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گاوں چھپر میں منعقدہ عوامی اجتماع کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر کے ہمراہ امیدوار صوبائی اسمبلی خرم پرویز راجہ کی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر یونین کونسل کوری دولال سے بڑی تعداد میں لوگوں نے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں راجہ محمد عرفان، راجہ محمد یاسین، راجہ شاہد محمود، راجہ محمد نعمان، راجہ محمد سفیان، راجہ وسیم، راجہ وسیم، راجہ عبدالوہاب، راجہ عمر فاروق، راجہ فیصل، راجہ مناظر ، راجہ ماجد ، چیف خالد محمود راجہ، راجہ اسرار ،راجہ ساجد، راجہ عدیل ، راجہ سجاد، راجہ عاطف ، راجہ عابد چوہان ، راجہ چوہان، راجہ ریاض چوہان، راجہ جاوید ، راجہ خضر حیات ، راجہ اظہر محمود، راجہ ماجد ، راجہ سرفراز ، راجہ ناصر اور دیگر افراد شامل تھے۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے شمولیت اختیار کرنے والے تمام  افراد کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرکے شمولیت اختیار کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں دن رات عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ الیکشنز میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام بلخصوص گوجر خان کی خوشحالی کے لیے موجودہ تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔اسپیکر نے کہا کہ عوام کی تکلیفوں اور پریشانیوں سے ہم اچھی طرح واقف ہیں اور انہیں ان کی دہلیز تک سہولیات فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام نے جس بھروسے اور اعتماد سے مجھے اپنا نمائندہ منتخب کر کے پارلیمان میں بھیجا اسی بھروسے کو قائم رکھتے ہوئے میں ہر فورم پر ان کی آواز بن کر ان کے مسائل کو اجاگر کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ کی عوام کے مسائل کے جلد اور مستقل حل کے لیے جو ضروری اقدام اٹھانا پڑا وہ ہم نے اٹھایا۔ اسپیکر نے کہا کہ گوجر خان کی عوام کو اعلی تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کی بات ہو یا سڑکوں، گیس، بجلی و دیگر مسائل، تمام پریشانیوں سے نجات دلانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے گئے اور ان مسائل کے مستقل حل کو یقینی بنانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی اپنی عوام کی آواز بنتا رہوں گا اور انہیں ان کا حق دلانے کی جدوجہد کو جاری رکھوں گا تاکہ میرے حلقے کی عوام کو بنیادی سہولیات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نا کرنا پڑے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ شمولیت اختیار کرنے والے تمام افراد نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی حلقے کی عوام کی خوشحالی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر ملک و قوم کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ملک کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔