سول جج کی اہلیہ کے بچی پر تشدد کے واقعہ نے ہر باشعور شہری کا سر شرم سے جھکا دیا،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سول جج کی اہلیہ کی جانب سے 14 سالہ معصوم رضوانہ پر وحشیانہ تشدد کے واقعہ نے ہر باشعور اور ذمہ دار شہری کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ اس واقعہ نے ہمارے معاشرے میں گھروں اور دیگر کام کرنے کی جگہ پر بچوں پر ہونے والے ظلم کو بے نقاب کیا ہے۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ اس قسم کا تشدد اور بدسلوکی قطعی طور پر ناقابل قبول ہے اور اسکی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہئے۔ یہ جان کر مایوسی ہوئی کہ ایک طرف معصوم رضوانہ ہسپتال میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی تو دوسری عدالت نے ملزمہ کو حفاظتی ضمانت دی، جو کہ ممکنہ طور پر انصاف کے عمل میں تاخیر اور رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اس واقعہ کے ذمہ دار تمام لوگوں کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا، جبکہ عدالتی نظام کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے منصفانہ اور تیز ٹرائل کو یقینی بنانا چاہیے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ استحصال، ظلم اور ناانصافی کا شرمناک واقعہ ہے، کسی بھی انسان کے ساتھ اس طرح کا ناروا سلوک نہیں ہونا چاہئے ۔ معصوم رضوانہ جس درد اور صدمے  سے گزری ہوگی اس کا ہم اندازہ بھی نہیں کر سکتے۔ ہمیں ایسے واقعات کے بارے میں عوامی آگاہی بھی پیدا کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے مظالم کو روکا جا سکے۔