صحت انصاف کارڈ سے متعلق شہریوں کے مسائل کو پاکستان سیٹیزن پورٹل سے منسلک کردیا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان سٹیزن پورٹل میں صحت انصاف کارڈ کی خصوصی کیٹیگری کا اضافہ کیا گیا ہے جس کا مقصد اس سکیم سے متعلقہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرنا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق اس پورٹل کے ذریعے شہری ہسپتالوں میں علاج معالجے سے انکار، سہولیات کے فقدان اور عملے کے رویے سے متعلق براہ ِ راست شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

اس پورٹل سے علاج معالجے کے اخراجات اور تاخیر سے متعلق معلومات کی کمی کے حوالے سے بھی شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔صحت انصاف کارڈ کے پینل پر موجود ہسپتالوں کو درپیش مشکلات سے متعلق شکایات بھی درج کرائی جا سکتی ہیں۔عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے سٹیٹ لائف انشورنس کے اعلی حکام کو خصوصی ڈیش بورڈ بھی الاٹ کئے گئے ہیں۔

چیئرمین سٹیٹ لائف عوامی شکایات کا فوری حل یقینی بنائے گا،سیٹیزن پورٹل پر صحت انصاف کارڈ کے نام سے خصوصی کیٹگری مختص کردی ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ نے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔