پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کا F7-1 میں گھر سیل کر دیا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کا F7-1 میں گھر سیل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ زلفی بخاری کے گھر پر چھاپہ نہیں مارا گیا، اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کی جانب سے گھر سیل کیا گیا ہے، زلفی بخاری گھر پر موجود نہیں تھے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے گھر سیل کرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ادھرپاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) رہنما زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)نے چھاپا مارنے کے بعد ان کا گھر سیل کردیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں زلفی بخاری نے لکھا،انتہائی گھٹیا حرکت کرتے ہوئے پولیس، سی ڈی اے اور نامعلوم افراد نے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی موجودگی میں میرے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر سیل کر دیا۔ انہوں نے لکھا، چھاپے کے وقت میرے ملازمین اور پالتو جانوروں کو سڑک پر پھینک دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے سوال اٹھایا کہ اتنا گرنے کے بعد کہ خالی نجی پراپرٹیز پر حملے کیے جائیں ریاست نام کی کیا چیز رہ گئی۔ واضح رہے کہ زلفی بخاری کا گھر اسلام آباد کے سیکٹر F7-1 میں ہے اور زلفی بخاری پر تھانہ سی ٹی ڈی میں ایف آئی آر درج ہے، زلفی بخاری کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے تھے۔