فوجداری کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے 342 کا سوالنامہ تیار

اسلا م آباد(صباح نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں 342 کا سوالنامہ تیار کرلیا گیا ہے، جس میں 35 سوالات شامل کئے گئے ہیں، اور یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ آپ نے تحائف اپنے پاس رکھنے کااعتراف کیا، اس پر کیا کہیں گے۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت سوالنامہ تیار کرلیا ہے۔سوال نامے میں چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے 35 سوالات شامل ہیں، ان سوالات میں توشہ خانہ تحائف کا بھی سوال شامل ہے، جس میں پوچھا گیا ہے کہ آپ نے تحائف اپنے پاس رکھنے کا اعتراف کیا تھا، اس پر کیا کہیں گے۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں توشہ خانہ کیس میں نامزد چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیرمین پی ٹی آئی سیکشن 342 کے بیان کے لیے  آج جمعرات 11 بجے پیش ہوں، عدم حاضری پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔جج ہمایوں دلاور کی جانب سے جاری ہونے والے 2 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آج حاضری سیاستثنا کی درخواست دائر کی گئی، الیکشن کمیشن کے وکلا نے آج درخواست استثنی پر اعتراض نہیں کیا، اس لئے چیئرمین پی ٹی آئی کی صرف آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے سوالنامہ وصول کر لیا ہے، اور وکیل کو کل چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی سیکشن 342 کے بیان کیلئے  جمعرات11 بجے عدالت میں پیش ہوں، عدم حاضری پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے