مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے نام نہاد آپریشنز کے علاوہ ‘این آئی اے  کے کریک ڈاؤن


سری نگر:مقبوضہ جموںوکشمیر میں قابض بھارتی فوج کے نام نہاد آپریشنز کے علاوہ بھارت کی بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسی ‘این آئی اے  کے کریک ڈاؤن جاری ہیں ،لوگ بھارتی فورسز کی طر ف سے بڑے پیمانے پر جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کیوجہ سے مسلسل خوف زدہ ہیں،کے پی آئی کے مطابق دارلحکومت سری نگر، کپواڑہ، بارہمولہ، گاندربل، بانڈی پور، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، کولگام، پونچھ، راجوری، سانبہ اور کٹھوعہ کے اضلاع میں بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی کا بلاجواز سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جسکی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور وہ خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ۔

مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے انکی زندگی جہنم بنا دی ہے ، وہ گھروںمیں گھس کر مکینوں کو ہراساں کرتے ہیں اور قیمتی گھریلو اشیاء کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔دریں اثنا، بھارتی فوجیوں اور پولیس نے ایک ہفتے کے دوران پرتشدد کارروائیوں کے دوران کم از کم 9 افراد کو شہید اور درجنوں کو جعلی الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد میں سے متعدد کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں،ادھر بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی کے وادی بھر میں چھاپے جاری ہیں،’ این آئی اے ”کی ٹیمیں بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹر ی اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پلوامہ، اونتی پورہ، شوپیاں، اسلام آباد، سوپور، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے وقتاً فوقتاً گھر گھر چھاپے مار اور تلاشی لے رہی ہیں۔

ان علاقوں کے مکینوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ این آئی اے اور بھارتی فورسز اہلکاروں کی ان کارروائیوں سے خوف وہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے اور لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) اورپولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو)  نے ضلع کشتواڑ میں ایک حریت کارکنوں کے ایک گھر پر چھاپہ مارا۔(این آئی اے)، (ایس آئی یو) کی ٹیموں نے بھارتی پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ضلع کے مروہ میں ریاض احمد نامی کارکن کے گھر پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران حریت کارکن کے اہلخانہ کو ہرساںکیا گیا اور گھر میں موجود کچھ اہم دستاویزات ضبط کر لی گئیں۔ریاض احمد کاتعلق حزب المجاھدین سے بتایا گیا ہے ،،علاوہ ازیںبھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگدار میں تلاشی کی کارروئی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔