عید کے موقع پر تمام متاثرین،ورثاء شہداء کو خصوصی طور پر یاد رکھیں سید صلاح الدین


مظفرآباد (صباح نیوز) متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے عیدالاضحی کے موقع پر کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ تمام متاثرین اور ورثائے شہداء کا خاص خیال رکھیں۔

عیدالاضحی کے موقع پر کشمیری عوام کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں سید صلاح الدین نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے احساس ہے کہ 09 لاکھ بھارتی فوجیوں کی بندوقوں کے سائے میں اہلیان کشمیر کیسے عید منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حقیقی عید اس وقت ہو گی جب کشمیر کا چپہ چپہ غیرملکی قبضے سے آزاد ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حصول آزادی کے لئے لازوال قربانیاں ہر حال میں کامیابی سے ہمکنار ہوںگی۔ 09 لاکھ بھارتی فوج کے مظالم عالم اسلام کی مجرمانہ خاموشی کشمیریوں کی حصول آزادی کے لئے جدوجہد ختم  نہیں کر سکی  اور مستقبل میں بھی ختم   نہیں کر سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی پسند قیادت بھارتی قید خانوں میں ہے۔ کشمیری عوام اور ان کی قیادت مشکل صورتحال کا شکار  ہے۔ ریاست پر غاصبانہ قبضہ ہے اور کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ قابض قوتیں کشمیریوں کو ملازمتوں سے برطرف کر رہی ہیں اور اب عیدالاضحی کے موقع پر بڑے جانوروں کی قربانی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ اقدام دین میں مداخلت ہے۔ ہمارے لئے اضطراب اور پریشانی کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام عزم صمیم اور جہد مسلسل سے قابض قوتوں کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کی فقید المثال جدوجہد اللہ کی تائید و نصرت سے محروم نہیں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ ہے اور ہم اسی کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے کہا کہ عید کے موقع پر تمام متاثرین اور ورثاء شہداء کو خصوصی طور پر یاد رکھیں۔