بجلی کی قیمت میں 15روپے ریڈیو فیس کا شامل کرنا ظلم کی انتہا ہے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4روپے96پیسے اضافے کے بعد 15روپے ریڈیو فیس کا شامل کرنا ظلم کی انتہا ہے ۔ اس سے قبل 35روپے ٹی وی فیس کی مد میں بھی وصول کئے جا رہے ہیں،حکومت خسارے میں چلنے والے اداروں کا بوجھ بھی عوام پر ڈال کر انہیں زندہ درگور کرنا چاہتی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ شاہانہ اخراجات کا خاتمہ کیا جائے۔ سکیورٹی، پروٹوکول اور سرکاری مراعات کے نام پر قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کر دیئے جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور گیس کی بدولت صنعتی شعبہ شدید متاثر ہوا ہے ۔ حالیہ اضافے سے ٹیکسٹائل برا مدات میں مزید 5بلین ڈالرز کی کمی ہو گی ۔ لوگوں سے روزگار چھینے جا رہے ہیں،حکومت نا اہلوں کے ٹولے پر مشتمل ہے جن کے پاس معاشی وژن ہے اور نہ ہی اہلیت ، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ناگزیر ہے، انتقامی کارروئیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔ ماضی میں ایسی طرز سیاست نے ملک و قوم کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔وقت کا تقاضا ہے کہ قومی مفادات کو سیاست سے بالا تر رکھا جائے ۔ اگر آج دانشمندانہ فیصلے نہ کئے گے تو حالات گھمبیر ہو سکتے ہیں ۔ محمد جاوید قصوری کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ 500ارب روپے کا مہنگائی کی چکی میں پسے غریب عوام پر اضافی بوجھ نا قابل برداشت ہے ۔حکمران اگرعوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکتے تو انہیں عوام پر حکومت کرنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ہی ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے