امید ہے حکومت بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے فوری احکامات جاری کرے گی، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ امیدہے بلوچستان کے علاقے وڈھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے حکومت فوری احکامات جاری کرے گی۔  قومی اسمبلی میں رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ حکومت اس معاملے پر فوری اقدامات اٹھائے گی۔ قبل ازیں نکتہ اعتراض پر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ گزشتہ پندرہ دنوں سے بلوچستان وڈھ کے حالات انتہائی مخدوش ہیں، ہم نے اس معاملے پر ایوان کی توجہ دلائی تھی، اب سے کچھ دیر قبل ہماری جماعت کے سربراہ اختر مینگل کے گھر پر مارٹر گولے مارے گئے ہیں ،بلوچستان میں چادر اور چار دیواری کو پامال کیا جا رہا ہے، اس صورتحال کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری احکامات جاری کیے جائیں۔ آزاد رکن علی وزیر نے بھی وڈھ بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔