پولیس موبائل میں منشیات کی اسمگلنگ


کراچی(صباح نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس موبائل میں شہر میں منشیات کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کے کیس میں سی آئی اے جامشورو کے چھ اہلکاروں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بوٹ بیسن پولیس نے سی آئی اے جامشورو کے چھ اہلکاروں کو عدالت میں پیش کر دیا۔ ملزمان میں کانسٹیبل محمد یعقوب، غلام عباس،اعجاز علی،عبدالنصیر، راحب حسین اور احمد نواز شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان منشیات کی ڈیلنگ کے لیئے کراچی آئے تھے، ملزمان اہلکار سرکاری موبائل میں جامشورو سے منشیات لے کر کراچی آئے تھے، منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی پولیس موبائل بھی ضبط کر لی گئی ہے، ملزمان سے تفتیش کر کے انکے گروہ کی گرفتاری بھی عمل میں لانی ہے۔

عدالت نے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان سے تفتیش کی پروگریس رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔