ڈنمارک کے ملعون کارٹونسٹ کو موت نے جکڑ لیا


کوپن ہیگن(صباح نیوز)نبی پاک ۖکے گستاخانہ خاکے بنانے والے ڈنمارک کے ملعون کارٹونسٹ کو موت نے جکڑ لیا۔

غیر ملکی خبررساںادارے کے مطابق ملعون کارٹونسٹ ویسٹر گارڈ کی 86 برس کی عمر میں مرنے کی تصدیق اس کے اہلخانہ کی جانب سے کی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹرگارڈ 1980سے کارٹونسٹ کا کام کررہا تھا اور اس نے 2005میں ایک اخبار میں گستاخانہ خاکے شائع کیے تھے جبکہ اس کے بعض خاکوں میں اسلام پر تنقید بھی کی گئی تھی۔

ویسٹر گارڈ کی جانب سے گستاخانہ خاکے بنائے جانے کے خلاف دنیا بھر میں مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا تھا جبکہ ڈنمارک میں بھی اس حوالے سے احتجاج دیکھنے میں آیا تھا اور ڈنمارک کی حکومت کو اس کارٹونسٹ کے خلاف شکایات بھی موصول ہوئی تھیں۔اس کے علاوہ فروری 2006میں دنیا بھر میں مسلمانوں نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف شدید احتجاج کیا جس میں ڈنمارک کے سفارتخانوں پر بھی حملے کئے گئے تھے۔ویسٹر گارڈ کو اس کے ناپاک عزائم کی وجہ سے سکیورٹی میں چھپ کر بھی رہنا پڑا۔