امریکہ میں ایک اور وبا مونکی پاکس پھوٹ پڑی


واشنگٹن(صباح نیوز) امریکہ میں کورونا وائرس کے بعد مونکی پاکس نامی بیماری نے سر اٹھانا شروع کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہر ڈلاس کے شہری میں مونکی موکس نامی بیماری پائی گئی ہے جو نائجیریا کے شہر لیگوس سے اٹلانٹا اور پھر ڈلاس پہنچا تھا، جسے مونکی پاکس کی شکایت ہوتے ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مونکی پاکس نامی بیماری سانس کے ذریعے دیگر لوگوں میں بھی منتقل ہو سکتی ہے تاہم اس بیماری کے پھیلنے کا خدشہ کم ہے کیونکہ لوگوں نے ماسک پہن رکھا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری وسطی اور مغربی افریقہ میں عام پائی جاتی ہے تاہم امریکہ میں 2003 کے بعد اب یہ پہلا کیس سامنے آیا ہے۔اس بیماری میں شرح اموات صرف ایک فیصد ہے جبکہ اس مرض میں نزلے جیسی علامات اور بغل کے نیچے سوجن ہوتی ہے اور چکن پاکس جیسی خارش شروع ہو جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق یہ بیماری چھوٹے جانوروں جیسے چوہا اور بندر سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔