یوٹیلٹی اسٹورز پر قیمتوں میں اضافہ حکومت کا نیا ظلم ہے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں53فیصد اضا فہ عمران خان حکومت کا عوام پر نیا ظلم ہے ، نئے پاکستان میں عوام سے آٹا چینی گھی دوائی، تعلیم، صحت، پٹرول بجلی اور گیس سب چھین لیا گیا ۔

مریم اورنگزیب نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں19 سے53فیصد اضافے کو عمران خان حکومت کا عوام پر نیا ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے غریب عوام سے آٹے، چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی بھی چھین لی۔آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی غلام حکومت عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کی غلام بناچکی ہے۔ اے ٹی ایمز، کارٹلز اور مافیاز کو کرپشن کی سہولت دینے والے عمران صاحب نے کھانے پینے پر عوام کو دی جانے والی رعایت چھین لی۔ گھی کی قیمتوں میں ترپن فیصد اضافہ عمران صاحب کے عوام کے لئے احساس کی اصلیت ہے ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر کہتے ہیں کہ عام آدمی اس سے متاثر نہیں ہوگا۔ خام تیل کی امپورٹ پر ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس بڑھادیا تاکہ ملک میں اے ٹی ایمز کی جیب بھرے اور عوام کی جیب خالی ہو۔ چینی کی ریکارڈ پیداوار کے دعوے کرنے والوں نے دو لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرکے خود کو جھوٹا ثابت کردیا۔ عمران صاحب کی مہنگائی کی تبدیلی قوم کوبہت بھاری پڑ رہی ہے۔