اتحادی حکومت سابقہ عمرانی حکومت کی پاکستان دشمن پالیسیوں سے ملک کو نکالنے اور عالمی برادری کے اعتماد کی بحالی میں کوشاں ہے، مفتی اسعد محمود

ڈیرہ اسماعیل خان (صبا ح نیوز)وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود نے کہا ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت سابقہ عمرانی حکومت کی پاکستان دشمن پالیسیوں سے ملک کو نکالنے اور عالمی برادری کے اعتماد کی بحالی میں کوشاں ہے۔ سعودی عرب کا اعتماد ہم نے بحال کیا، چین کا اعتماد ہم نے بحال کیا اور اب آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ دراصل سابقہ عمرانی حکومت کا وہ گند تھا جس سے ملک کو ہم نکال لائے ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ عبدالخیل میں معززین علاقہ کے وفود سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال ہم بین الاقوامی دنیا کا پاکستان پر سفارتی اور معاشی محاذ پر اعتماد بحال کرنے میں لگے رہے اور خدا نے ہمیں کامیابی عطا کی ،ڈیرہ اسماعیل خان کے متعدد منصوبہ جات جنکا اعلان 2017میں میاں نواز شریف نے کیا تھا اور سابقہ حکومت نے اس پر حیلوں بہانوں سے کام روکا ہوا تھا ان پر ہم نے اب دوبارہ نظر ثانی کرکے کام شروع کرایا ہے۔ سی پیک کے ساتھ پنجاب کی حدود میں سروس روڈ بنائے گئے مگر خیبر پختونخوا میں وہ روڈ نہیں بنائے گئے عمرانی حکومت سی پیک منصوبہ ختم نہ کرسکے تو لاگت کم کرنے کا بہانہ بنا کر اصل ڈیزائننگ میں ردوبدل کردیا پنیالہ انٹرچینج کو منصوبہ سے نکال دیا متعدد مقامات پر روڈ کے نیچے سیلابی نالوں کی گذرگاہیں ختم کردی گئی جسکی وجہ سے گزشتہ سیلاب میں یارک ہکلہ روٹ پر سیلاب موٹر وے پر گذر رہا تھا اسی طرح بعض مقامات پر زمین کے سطح سے بھی نیچے روڈ بنائی گئی جو حادثات کاسبب بن رہی ہے اور اب ہم نے دوبارہ ان تمام عوامل کی اصلاح کے لیئے ڈیزائننگ میں تبدیلی اور درستگی کا منصوبہ تیار کرکے منظوری کے لیئے بھجوایا ہے۔

نئے منصوبے شروع کرنا آسان اور ختم کیئے گئے منصوبوں کی بحالی زیادہ مشکل ہوتی ہے اور ہم ان ختم کیئے گئے منصوبوں کی بحالی میں کوشاں ہیں پنیالہ میرے جد امجد کی جائے پیدائش ہے پنیالہ کا ہم پر حق ہے اور اسکا انٹرچینج بحال کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی ہماری سیاسی تربیت کا حصہ نہیں مخالفین کے لیئے محکمہ مواصلات کا ریکارڈ اوپن ہے چیک کریں کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے میگا پراجیکٹس کے حالیہ منصوبے کس نے بنائے کس نے درست کیئے یہ لوگ تو اپنے دور اقتدار میں ڈیرہ اور خیبر پختونخوا کی ترقی کو روکے رہے عمران کے دور حکومت میں  بند کورائی ۔ سٹی ٹو۔ عبدالخیل گرڈ پر کام روکے رکھا گیا ہم نے اس پر اب کام کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں سابقہ حکومت نے ہکلہ یارک موٹر وے کی خیبرپختونخوا کی حدود شروع ہوتے ہی سروس روڈ روک دی مگر ہم نے عیسی خیل میانوالی روڈ کو مکمل کرکے سیاسی انتقام کے بجائے عوام کے مفاد کو فوقیت دی۔ ارسلا بنوں لنک روڈ کا 2017 میں میاں نواز شریف نے اعلان کیا تھا جسکو سابقہ حکومت نے روکے رکھا۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے کے لیئے کلورکوٹ عبدالخیل روڈ منصوبہ میان نواز شریف نے شروع کیا تھا وفاقی حکومت نے دریا پر پل تعمیر کردی مگر پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے علاقہ کے روڈز نہیں بنائے سابق وزیر اعلی محمود خان کی کابینہ نے مذکورہ روڈ این ایچ اے کے حوالہ کیا اور اب ہم وہ روڈ بنائیں گے۔

اسی طرح پیزو ٹانک روڈ اے ڈی پی میں شامل تھی مگر صوبائی حکومت نے نہیں بنائی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے تحریری طور پر یہ منصوبہ این ایچ اے کے حوالہ کیا سیلاب میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ کے موقع پر پائی کے مقام پر عوامی مطالبہ پر اس روڈ پر کام تیزی سے شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ۔ ڈیرہ بائی پاس روڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق سیلابی پانی سے بچا اور تزئین وآرائش کے تحت ہم نے ہی منصوبہ تیار کیا اور مکمل کرینگے ۔ یارک ٹانک روڈ علاقہ جٹاتر کے عوام کے لیئے ہم نے شروع کیا وہ لوگ اپنے ہی علاقہ میں خانہ بدوشوں کی طرح رہتے تھے اس منصوبہ سے انکی حالت بہتر ہوگی۔ چین اس علاقہ میں کارگو ائیرپورٹ بنائے گا تاہم وہ اس خطہ کے اضلاع سے مساوی فاصلہ کے حامل مرکزی پوائنٹ پر یہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے کو ترجیح دے گا۔ مفتی محمود چوک سے چشمہ روڈ تک بائی پاس منصوبہ ہمارا ہی تحفہ ہے سابقہ حکومت بتائے کہ انہوں نے اپنے دور میں کسی ایک منصوبہ کا سروے تک نہیں کیا۔درابن رمک روڈ ، بند کورائی ۔ یارک سی پیک انٹرچینج روڈز کے سروے کا کام ہم شروع کرایا اور اسکو ان شااللہ بروقت مکمل بھی کرینگے۔