پنجاب میں آئندہ ماہ سے نومبر تک ڈینگی پھیلنے کا خدشہ، ادار ے الرٹ


ڈیرہ غازیخان: پنجاب میں آئندہ ماہ سے نومبر تک ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے تحت حکومت پنجاب نے اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ محکموں کو روزانہ 30 انسداد ڈینگی سرگرمیاں رجسٹرڈ کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سخاوت رندھاوا نے بریفنگ دی .

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی بخار سے بچاؤ کیلئے احتیاط ضروری ہے۔ڈینگی مچھر کی پرورش گاہوں کو تلف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر سرگرمی کا پہلے اور بعد کا تصویری ریکارڈ مرتب کیا جائے۔بوگس سرگرمی پر کارروائی ہوگی۔ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی کا اجلاس اب ماہانہ کی بجائے ہر ہفتہ ہوگا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا نے بریفنگ میں بتایا کہ فوگنگ اور سپرے پر پابندی عائد کی گئی ہے اس سے مچھر میں قوت مدافعت پیدا ہوجاتی ہے،صرف لاروا برآمد ہونے اور ڈینگی کیس ثابت ہونے پر متعلقہ جگہ پر سپرے ہوگا ضلع ڈیرہ غازی خان میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کردیا گیا ہے ضلع میں پانچ جگہوں پر لاروا برآمد ہوا ہے اور503 ہاٹ سپاٹ رجسٹرڈ کئے گئے ہیں۔