کراچی میں ویلفیئر ایسوسی ایشن کا صدر فائرنگ سے جاں بحق

  کراچی(صباح نیوز) کھارادار موسی لین میں زرگراں ویلفیئر ایسوسی ایشن کا صدر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا فائرنگ کی زد میں آکر خاتون سمیت 2 افراد بھی زخمی ہوگئے ۔کھارادار موسی لین میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ،

مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت 45 سالہ محمد عرفان کے نام سے کی گئی جو کہ زرگراں ویلفیئر ایسوسی ایشن کا صدر تھا جبکہ زخمیوں خاتون 40 سالہ نسیمہ اور 17 سالہ عبدالوہاب کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں اس حوالے سے ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان کی تعداد 2 تھی اور ان کا ٹارگٹ عرفان تھا جبکہ دیگر زخمی ہونے والے افراد راہگیر ہیں جو فائرنگ کی زد میں آئے ہیں ،

انھوں نے بتایا کہ مقتول عرفان تاجر تھا اور اس کا کافی عرصے سے پلاٹ کا تنازعہ چل رہا تھا جبکہ اسے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں ، عارف عزیز نے مزید بتایا کہ شبہ ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پلاٹ کے تنازعے کا شاخسانہ ہوسکتا ہے تاہم اس حوالے سے بغدادی پولیس واقعہ کی مزید چھان بین کر رہی ہے اور جلد ہی واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا جائیگا،ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ گینگ وار کے کارندے ملوث ہیں جو کہ لیاری سمیت اولڈ سٹی ایریا میں ایک بار پھر سے متحرک دکھائی دیتے ہیں