پی آئی اے کو کینیڈا کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی


اسلام آباد: قومی ایئر لائن پی آئی اے کو کینیڈا کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق کووڈ19-کی وجہ سے پی آئی اے کی کینیڈا کے لیے پروازوں کوصرف کارگو تک محدود کردیا گیا تھا، تاہم کینیڈین حکام کی جانب سے دوبارہ براہ راست پروازوں کا عندیہ ملنے کے بعد قومی ایئر لائن آج 22جون سے مسافروں کو براہ راست کینیڈا لے جا سکے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکام سی ای اوپی آئی اے ائیرمارشل ارشد ملک کی وضع کردہ ایس اوپیز سے مطمئن ہیں، قومی ایئر لائن پی آئی اے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار تین پروازیں اتوار سے شروع کرے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں پاکستان سے کینیڈا کا فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔ براہ راست پروازوں کے لیے بکنگ شروع کردی گئی ہے۔پی آئی اے کی کینیڈا کے لیے براہ راست پروازیں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس میں اضافے کے بعد بند کی گئی تھیں اور صرف کارگو سروس برقرار تھی۔