وفاقی دارلحکومت میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے۔

لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوگا، کراچی، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الاضحی کے اجتماعات میں ملک کی سالمیت، ترقی اور بقاکے لئے دعائیں کی جائیں گی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الاضحی روایتی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحی کل منائی جارہی ہے۔ ملک بھر میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عید الاضحی کل پوری مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعاوں سے ہوگا