بینظیر بھٹو کو راولپنڈی جلسہ میں شرکت سے منع کیا پر وہ نہ مانیں، آصف زرداری کا انکشاف


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمیں اور سابق صدر آصف علی زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ بینظیر بھٹو کو راولپنڈی جلسے میں شرکت سے منع کیا مگر وہ نہ مانیں۔

بلاول ہاؤس لاہور میں محترمہ بینظیر بھٹو کی 68ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ انٹیلی جنس افسر نے جلسے کی رات کو محترمہ کو بتایا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، اس پر بینظیر بھٹو نے افسر سے کہا کہ آپ ان کو پکڑتے کیوں نہیں؟ سابق صدرنے کہا کہ موت برحق ہے، بینظیر بھٹو کو راولپنڈی کے جلسے میں شرکت سے منع کیا تھا مگر وہ نہ مانیں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو بے مثال تھیں، انہوں نے دنیا میں اپنی سوچ منوائی، دنیا بھر کے دانش مند آج ان پر کتابیں لکھ رہے ہیں۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو صاحب کہتے تھے کہ یہ سورج کبھی غروب نہیں ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے بینظیر بھٹو کو اتنی ہمت دی تھی کہ کارکنوں کی مدد سے انہوں نے پرویز مشروف کو نکال باہر کیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ کافی برسوں کے بعد کارکنوں سے مل رہا ہوں، کبھی جیل تو کبھی اسپتال میں رہا، کارکنوں سے ملنا میرے لیے تحفے سے کم نہیں۔

ا نہوں نے کہاکہ انسان بہت کمزور ہے دعا کریں مولا مجھے قبر تک ہمت دے، جان آنی جانی ہے، آپ کی وجہ سے ہر مشکل کا مقابلہ کرسکتا ہوں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کو میں کیا سکھا سکتا ہوں؟ بھلا آپ بتائیں کیا کوئی مچھلی کو تیرنا سکھا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو اپنی موج میں آگے بڑھ رہا ہے، پی پی چیئرمین آپ کی آئندہ نسلوں کو ساتھ لیکر چلے گا۔سابق صدر نے اس موقع پر بینظیر بھٹو کی 68 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔