پاکستان اور چین کے آزمودہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ فروغ پارہے ہیں:وزیرخارجہ


اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ہرگزرتے دن کے ساتھ فروغ پارہے ہیں اور عالمی اورعلاقائی تبدیلیوں نے ان تعلقات کو متاثر نہیں کیا ۔وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے 70 سالہ سفارتی تعلقات کے حوالے سے ایک یادگاری سکے اجرا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔سکے کی قیمت ستر روپے رکھی گئی ہے جو پاکستان اور چین کے درمیان 70 سالہ سدا بہار ، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک کے عوام اورقیادت نے ان کے درمیان تعلقات کو ایک سدا بہار تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین نے اہم مفادات کے معاملات پرہمیشہ ایک دوسرے کی غیرمتزلزل حمایت کی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ابھرتے ہوئے عالمی اور علاقائی منظرنامے میں پاکستان نے اپنی ترجیحات کو علاقائی سیاست سے علاقائی معیشت میں تبدیل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کے ذیلی منصوبے کے طورپر اقتصادی انضمام اور علاقائی روابط پر زوردیتے ہوئے پاکستان کی علاقائی معیشت کی جانب نئی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

سٹیٹ بنک نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کے ستر سال مکمل ہونے کے سلسلے میں ستر روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا ہے ۔،سکے اجرا کی تقریب جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، چین کے سفیر نونگ رونگ ، سینیٹر فیصل جاوید خان اور سٹیٹ بنک کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے شرکت کی چین کے سفیر نونگ رونگ نے اس موقع پر یادگاری سکہ اور ماضی میں ڈاک ٹکٹ جاری کرنے پرپاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔