وزارتِ صحت کی فائزر ویکسین کے حوالے سے وضاحت


اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت نے فائزر ویکسین لگنے کے حوالے سے حکمت عملی سے متعلق وضاحت کردی ۔

ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فائزر ویکسین کم قوت مدافعت والے افراد کو ہی لگائی جائے گی۔ یہ فیصلہ کوویکس کیساتھ معاہدے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ۔

وفاق نے کورونا وائرس سے بچائو کی فائزرویکسین صوبوں کو فراہم کرنا شروع کردی ۔ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق فائزر ویکسین ملک کے 15 شہروں میں صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی۔

پاکستان کو اب تک 1 لاکھ 6 ہزار ڈوز مل چکی ہیں۔ ان میں سے پنجاب کو 26 ہزار،سندھ کو 12000، خیبرپختونخوا کو 8 ہزار جبکہ بلوچستان کو 2000 فائزر ویکسین کی ڈوز ملیں گی۔ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ایک ایک ہزار ڈوزز دی جائیں گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ فائزر ویکسین فی الحال سرکاری ویکیسینشن سینٹر پر دستیاب ہوگی اور حکومت جلد مزید ویکسین کی خریداری بھی کرے گی۔