سبزیوں کو فوارے کی مدد سے پانی فراہم کرنے کی ہدایت

قصور: محکمہ زراعت نے کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت چھوٹی کیاریوں میں لگائی گئی سبزیوں کو فوارے کی مدد سے پانی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ جن افرادنے گھریلو سطح پر کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت موسم گرما کی سبزیاں کاشت کی ہیں وہ کیاریوں کو کھلا پانی لگانے کی بجائے صبح یا شام کے وقت حسب ضرورت فوارے کی مدد سے پانی لگائیں تاکہ بیج اورسبزیوں کو جمنے میں کسی نقصان کا سامنانہ کرناپڑے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع) قصورمحمدنویدامجد نے بتایاکہ نرسری کے ذریعے لگائی جانیوالی سبزیات جالی یا ململ کی چھوٹی ٹنل بناکر کاشت کی جائیں تاکہ ننھے منھے پودوں کو پرندوں ‘کیڑے ‘مکوڑوں اوربیماریوں سے محفوظ رکھاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ جڑی بوٹیاں فصل کی خوراک ‘پانی اور روشنی میں حصہ داربننے کیساتھ ساتھ بیماریوں ‘ کیڑے مکوڑوں کے پھیلائومیں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں لہذا بذریعہ گوڈی انکابروقت تدارک بھی اشدضروری ہے۔