آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے،انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا


اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 25 جولائی 2021 ء کو ہوں گے۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابات 2021 ء کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار ریٹرننگ آفیسر کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی 21 جون شام 4 بجے تک جمع کرا سکتے ہیں۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 جون کو ہو گی ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کا اعلان اسی روز جاری کرے گا۔کاغذات نامزدگی مسترد ہونے یا قبول کئے جانے کے خلاف 27 جون دن 2 بجے تک اعتراضات داخل کئے جا سکیں گے۔ 28 اور 29 جون کو الیکشن کمیشن آفس مظفر آباد میں ا پیلوں کی سماعت ہو گی ۔ 30 جون کو اپیلوں کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری عدالت العالیہ میں چیلنج

نوٹی فکیشن کے مطابق 2 جولائی دن 2 بجے تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے ۔ 3 جولائی کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی ۔ 4 جولائی کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے۔4 جولائی کو ہی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 حلقوں میں پولنگ 25 جولائی صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہو گی۔