باغ دستور آنے والی نسلوں کیلئے آئین پاکستان سے آگاہی فراہم کرے گا۔ راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا آج کا دن ہم سب کیلئے ایک پرمسرت دن ہے آج ہم نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں شاہراہ دستور سے ملحقہ جگہ پر باغ دستور کا سنگ بنیاد رکھا۔

انہوں نے کہا کہ باغ دستور آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کا اہم حصہ ہے جو آئین پاکستان کی یادگار ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی خوبصورتی کا باعث بنے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج منگل کے روز شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے باغ دستور کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا باغ دستور کے سنگ بنیاد کی تقریب آئین پاکستان میں درج رہنما اصولوں کے حصول کی جانب ہمارے غیر متزلزل جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم شہید زولفقار علی بھٹو کی ولولہ انگیز شخصیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے ملک کو 1973 کا آئین دیا۔ انہوں نے کہا کہ باغ دستور آئین پاکستان کے رہنما اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ایک علامتی منصوبہ ہے۔  انہوں نے کہا کہ باغ دستور انے والی نسلوں کیلئے آئین پاکستان سے آگاہی اور وابستگی کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف ادوار میں آئین پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں جو پارلیمان وجود میں آیا اس نے اتفاق رائے سے اٹھاروین ترمیم منظور کی جس نے آئین پاکستان کو اس کی روح کے مطابق بحال کیا۔ انہوں نے آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں قائم ایڈوائزری کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ باغ دستور انتہائی کم لاگت کا منصوبہ ہے جس سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں بڑھے گا ۔ انہوں نے سی ڈی اے حکام کو یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قائم ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران اور قومی اسمبلی کے ممبران بھی موجود تھے ۔