وزیراعظم ہاؤس سے گورننگ بورڈ کیلئے دو ناموں کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی س بی)کے گورننگ بورڈ کیلئے ذکاء اشرف اور مصطفی رمدے کی نامزدگی کا نوٹیفکشن جاری کردیا۔پیٹرن اِن چیف وزیراعظم شہباز شریف نے دو ناموں کی منظوری کے بعد سمری وزارت بین الصوبائی کو بجھوادی ہے،

پی سی بی قوانین کے تحت اب چیف الیکشن کمشنر گورننگ بورڈ کا ایک خصوصی اجلاس بلائیں گے جس میں نئے کرکٹ بورڈ سربراہ کا انتخاب ہوگا۔روایت کے تحت وزیراعظم کی جانب سے نامزد افراد میں سے ہی کسی ایک فرد کا چیئرمین پی سی بی کیلئے انتخاب ہوتا ہے۔

سابق سربراہ ذکاء اشرف کو ہی ایک بار پھر عہدے کیلئے منتخب کیا جائے گا جبکہ گورننگ بورڈ میں 4 محکموں اور 4 ریجنل ایسوسی ایشنز کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی الیکشن سے دستبردار ہوگئے ہیں،

سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان وجہ تنازعہ نہیں بننا چاہتا اور یہ عدم استحکام بورڈ کے لیے اچھا نہیں۔انہوں نے لکھا کہ ان حالات میں میں چیئرمین پی سی بی کے عہدے کا امیدوار نہیں تاہم تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔