مختلف جیلوں میں قید کشمیری حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی حالت زار کا نوٹس لیا جائے ۔حریت کانفرنس


 سری نگر— کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور تنظیموں نے مودی حکومت کی کشمیر مخالف پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت پر دیرینہ تنازعہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں دیویندر سنگھ بہل، نریندر سنگھ خالصہ، شاہد سلیم، محمد عاقب، جموں کشمیر پیرپنچال فریڈم موومنٹ اور جموں کشمیر عوامی پارٹی نے جموں میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ بھارت ظلم و تشدد اور فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کو سیاسی اور معاشی طورپر کمزور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کوفوجی طاقت اور ظالمانہ پالیسیوں سے کمزور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو خطے میں غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہیں۔ حریت رہنماؤں نے اپنے بیانات میں ممتاز اسلامی سکالر ڈاکٹر قاضی نثار احمد کو ان کے 29ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر میںحریت رہنماؤں، مذہبی اسکالرز، ماہرین تعلیم اور نوجوانوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

حریت رہنماؤں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔