پی ایس ایل آج سے شروع ، قلندرز اور یونائیٹیڈ آمنے سامنے


کراچی :پاکستان سپر لیگ6کے بقیہ میچز کا میلہ آج بدھ سے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی میں سجے گا جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔بقیہ میچز کا پہلا اور لیگ کے 15ویں میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی،میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہو گا،میچ میں علیم ڈار اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گے ، شوزب رضا تھرڈ امپائر اور فیصل آفریدی فورتھ امپائرہوں گے۔

پی ایس ایل 6 کے بقیہ تمام میچز فیس بک پر براہ راست نشر ہوں گے، تمام میچزپیڈ آن لائن ایونٹس کے پلیٹ فارمز کے تحت نشر کیے جائیں گے۔ پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ 20 میچز 24 جون تک شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔ دریں اثنا پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو آئی پی ایل کے برابر آنے میں وقت لگے گا تاہم اس وقت پاکستان سپر لیگ کا انعقاد غیر ملکی ٹیموں میں اعتماد کا باعث بنے گا۔ دونوں لیگز میں بڑا فرق کھلاڑیوں کے معائوضوں کا ہے، جب ہم بھی آئی پی ایل کی طرح زیادہ پیسہ کرکٹرز کو دینے کے قابل ہوئے تو ہماری لیگ میں بھی تمام بڑے نام آکرکھیلیں گے۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں نجم سیٹھی کے الزام کومسترد کر دیا اور کہا کہ سابقہ ادوار میں تشکیل کردہ فنانشل ماڈل کی وجہ سے ہی فرنچائزز اب تک منافع نہیں کما سکیں، ہماری اولین ترجیح اسے مزید بہتربنانا ہے، ہم ٹیم مالکان کے ساتھ مختلف فنانشل ماڈلز پرکام کررہے ہیں تاکہ ان کی آمدنی میں زیادہ اضافہ ہوسکے، موجودہ ماڈل کی وجہ سے ابھی تک ہم پی ایس ایل میں ٹیمیں بڑھانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں سامنے آنے والے بالنگ ٹیلنٹ سے متاثر ہوا ہوں:ڈیوپلیسی

پاکستان سپر لیگ 6 اور ٹک ٹاک کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا ہے، اس شراکت داری کے تحت پی ایس ایل 6 کے مداح سوشل میڈیا کی ایپ ٹک ٹاک کے ذریعے ایسا موادتیار کرسکیں گے جسے دنیا میں دیکھاجاسکے گا۔