میئر کراچی کے انتخاب کا نتیجہ پولیس گردی کے زور پر بدلا گیا ،سراج الحق


اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ میئر کراچی کے انتخاب کا نتیجہ زورزبردستی، پولیس گردی اور سیاسی دہشت گردی کے زور پر بدلا گیا، 3 لاکھ ووٹ والے کو جتوایا اور 9 لاکھ والے کو ہروا دیا گیا، 70 کے الیکشن میں 81 ووٹ والوں نے 161 ووٹ کا مینڈیٹ نہیں مانا تھا۔

ان خیالات کااظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ77 میں امیدواران اغوا کر لئے گئے تھے، وہی تاریخ ایک دفعہ پھر دہرائی گئی۔ یہ جمہوریت کی تاریخ اور کراچی کے عوام کیلیے سیاہ ترین دن تھا۔ کراچی کے عوام کے مینیڈٹ کے تحفظ کے الیکشن کمیشن اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے اور گلی کوچوں اور سڑکوں پر بھی موجود ہوں گے۔ ان شااللہ۔

سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کے دوران 31 منتخب افراد کا سرے سے ہی غائب ہوجانا ملکی تاریخ کا انوکھا ترین واقعہ ہے۔ اگر الیکشن کمیشن ایک شہر میں عدل و انصاف پر مبنی انتخاب نہیں کروا سکا تو اس پر پورے پاکستان میں شفاف قومی انتخابات کے لئے کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے؟